پشاور: (دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ ملکی مسائل کا علاج ایک ہی دن انتخابات ہیں، ایک دن انتخابات سے ملک میں اتفاق ہو گا جس سے ملک دشمن عناصر فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔
حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ پولیس مسلسل قربانیاں دیتی آ رہی ہے، یہ پولیس اور اس صوبے پر ایک مشکل وقت ہے، عوام اور میڈیا کے تعاون سے یہ جنگ کے پی کے عوام اور ادارے جیت کر رہیں گے۔
گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے مزید کہا ہے کہ کے پی پولیس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، طبی عملے کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں، وہ بھی اسی جذبے سے زخمی پولیس جوانوں کی خدمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب اس ملک سے دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کریں گے، آج کل جنگوں کا زمانہ گیا اب معاشی طور پر ملکوں کو کمزور کیا جاتا ہے، ملکی سکیورٹی اداروں کو کمزور کیا جاتا ہے۔