پاکستان کی سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی کے تازہ واقعے کی شدید مذمت

Published On 21 July,2023 01:00 am

اسلام آباد : ( دنیا نیوز ) پاکستان نے سویڈن میں قرآن پاک کی سرعام بے حرمتی کے ایک اور اسلامو فوبک فعل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار، رائے اور احتجاج کی آڑ میں مذہبی منافرت پر مبنی اور اشتعال انگیز کارروائیاں کرنے کی اجازت کو جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔

ممتاز زہرا کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی قانون ریاستوں کے لئے مذہب، عقیدے کی بنیاد پر نفرت، امتیازی سلوک اور تشدد پر اکسانے کو ممنوع قرار دیتا ہے، اس قسم کے اقدامات قانونی اور اخلاقی طور پر قابل مذمت ہیں، عالمی برادری ان اسلامو فوبک کارروائیوں کی غیر واضح طور پر مذمت کرے۔

انہوں نے کہا کہ تمام ممالک مذہبی منافرت پھیلانے والوں کو الگ تھلگ کرنے کا آغاز کریں، پاکستان تمام ممالک سے مذاہب، عقائد اور ثقافتوں کے درمیان باہمی احترام، رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے مطالبے کا اعادہ کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ توقع ہے کہ سویڈش حکام نفرت اور اشتعال انگیزی کی ایسی کارروائیوں کو روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے، تازہ ترین واقعے پر پاکستان کے تحفظات سے سویڈش حکام کو آگاہ کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم میں عراقی سفارت خانے کے باہر تارکِ وطن عراقی شخص نے ایک مرتبہ پھر قرآن مجید کی توہین کی ہے۔