لاہور: (ویب ڈیسک ) پاکستان بھر میں جون، جولائی اور اگست میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے اور جہاں اِن مہینوں میں برسات ہوتی ہے وہیں متعدد بیماریاں بھی جنم لیتی ہیں۔
تحقیق کے مطابق کسی بھی دوسرے موسم کے مقابلے میں مون سون کے موسم میں وائرل انفیکشنز کے ہونے کا خطرہ دگنا ہوجاتا ہے جس کی وجہ ہوا میں نمی کی زیادہ مقدار کا بیکٹیریا اور انفیکشن کو پنپنے میں مدد دینا ہے۔
مون سون موسم کے دوران پیدا ہونے والی بیماریوں میں ’سیزنل انفلوائنزا‘ یعنی کہ موسمی زکام، ملیریا، ٹائیفائیڈ، ڈینگی بخار، ہیضہ اور ہیپاٹائٹس اے (پیلا یرقان) سرفہرست ہیں۔
ان سب میں سے زیادہ وبائی زکام، ہیضہ اور جِلدی بیماریاں بچوں اور بڑوں کو اپنی لپیٹ میں لیتی ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ مون سون کے دوران عام روٹین سے ہٹ کر ہر فرد کو اپنی مجموعی صحت و صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھنا چاہیے، اس سے ناصرف بخار، پیٹ کی بیماریوں، وائرل اور انفیکشنز سے بچا جا سکتا ہے بلکہ جِلد کو بھی کیل مہاسوں اور پوڑے پِھنسیوں سے بچانے میں مدد مل سکتی ہے۔
طبی ماہرین کا بتانا ہے کہ مون سون موسم نارمل اور خشک جلد والوں کیلئے اتنا خطرناک ثابت نہیں ہوتا جتنا کہ چکنی جِلد والوں کے لیے، مون سون موسم میں جنہیں ایکنی کی شکایت پہلے سے ہو وہ مزید پریشان نظر آتے ہیں جبکہ صاف اور خشک جِلد والے بھی جِلدی بیماریوں میں گھِرے نظر آ تے ہیں۔
ماہر ین کا کہنا ہے کہ مون سون کے دوران بیمار ہونے سے پچنے کے لیے سب سے پہلے تو اپنے گھر کو مکھیوں سے صاف رکھنے کی ہر ممکن کوشش کریں، بعد ازاں اپنی صاف ستھرائی کے لیے کم از کم دن میں 2 سے 3 بار نہانا چاہیے، بار بار ہاتھوں اور چہرے کو دھونا چاہیے تاکہ جراثیم کے پھیلاؤ سے بچا جا سکے۔
مون سون موسم کے جِلد پر منفی اثرات سے بچاؤ کے لیے درج ذیل تجاویز پر باقاعدگی سے عمل کر کے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ مون سون میں جِلدی امراض سے بچاؤ ممکن بنانے کے لیے چکنی جلد والے افراد کو دن میں 2 سے 3 بار ’سیلیسائیلک ایسڈ‘ والے محلول سے اپنا چہرہ دھونا اور نہانا چاہیے۔
مون سون کے دوران چہرے کو ایکنی سے بچانے کے لیے برف سے چہرے پر مساج کریں، جب تک مون سون کا موسم رہے اس عادت کو نہ چھوڑیں۔
اس موسم میں ٹی ٹری آئل پر مشتمل محلول، آئل یا ٹونر جسم کے کھلے حصوں پر استعمال کیا جا سکتا ہے، یہ مفید ثابت ہوگا ۔
خود کو پر سکون رکھنے کی کوشش کریں اور پانی زیادہ سے زیادہ پئیں ، جسم کا درجہ حرارت بڑھنے سے جلد کے مسام اضافی تیل خارج کرنے لگتے ہیں، اس دوران کیفین والے مشروبات جیسے کہ چائے، کافی، کاربونیٹڈ واٹر اور مسالے والی غذاؤں سے اجتناب کریں۔
کھلے مساموں کو بند کرنے کے لیے جراثیم کُش پھٹکری کا پانی بنا کر چہرے اور جسم کے دانوں سے متاثرہ حصوں پر لگائیں۔
خشک جلد والے افراد گھر سے باہر جاتے ہوئے کسی اچھے اور لائٹ کم چکناہٹ والے موسچرائزر کا استعمال کر سکتے ہیں جبکہ آئلی اسکن والے ایلویورا جیل لگا سکتے ہیں ۔
چکنی جلد والے افراد مون سون کے دوران کسی بھی قسم کی بی بی کریم یا موسچرائزنگ لوشن سے اجتناب کریں، میک اپ کم سے کم لگائیں اور جِلد کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے بار بار دھوئیں اور خشک رکھنے کی کوشش کریں۔
مون سون موسم میں جِلد کو موسچرائز کرنا جلد کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے لہٰذا اس دوران کوئی اضافی باڈی لوشن یا مچھر بھگانے والے لوشن کے استعمال سے اجتناب کریں۔
یاد رکھیں اس موسم میں کوئی بھی سخت یا زیادہ کیمیکل پر مبنی بیوٹی پروڈکٹ سکن پر ریش، لال دانوں یا جِلدی انفیکشن کا سبب بن سکتی ہے۔