اسلام آباد: (دنیانیوز) وزیر برائے قومی صحت عبدالقادر پٹیل نے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز(پمز) اسلام آباد میں نیشنل کینسر ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے حکم پر کینسر سپتال کا سنگ بنیاد رکھا، وزیرِ اعظم مصروفیت کے باعث سنگ بنیاد رکھنے کے لیے نہیں آسکے۔
وزیر صحت کا کہنا ہے کہ 2018ء میں اس ہسپتال کا افتتاح ہونا تھا، گزشتہ دور میں تمام ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ پیدا کی گئی ، تاخیر کے باعث منصوبے کی لاگت کئی گنا بڑھ گئی، سیاسی عزائم کی وجہ سے کینسر ہسپتال کو نظر انداز کیا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ کینسر ہسپتال کی عمارت پر 30 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، منصوبہ آئندہ دو سال کی مدت میں مکمل ہو گا۔
واضح رہے کہ نیشنل کینسر ہسپتال میں اسلام آباد، راولپنڈی کے ساتھ ساتھ گردونواح کے علاقوں بشمول گلگت بلتستان کشمیر، خیبر پختونخوا اور ضم شدہ اضلاع کے لوگ بھی اس موذی مرض کے بین الاقوامی معیار کے علاج سے مستفید ہو سکیں گے۔
منصوبہ آئندہ 2 سالوں میں مکمل ہو گا ہسپتال میں او پی ڈی، ایمرجنسی،ریڈیالوجی میڈیکل ،آئی سی یو اور بلڈبینک سمیت دیگر سہولیات میسرآئیں گی۔