لاہور : (دنیانیوز) پنجاب حکومت نے صوبے کے 15 ہسپتالوں میں ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے نفاذ کا فیصلہ کیا ہے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں صوبہ بھر کے 15 ہسپتالوں میں ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مرحلہ وار پروگرام کے تحت ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم رائج کیا جائے گا۔
لاہورمیں جناح، چلڈرن، میؤ، سروسز او رجنرل ہسپتال میں ایچ آئی ایم ایس کا نفاذ کیا جائے گا، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور اور رحیم یار خان کے ہسپتالوں میں بھی ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم نافذ کیاجائے گا۔
دوران اجلاس بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم مریض کی رجسٹریشن سے لے کر اوپی ڈی، پتھالوجی، ریڈیالوجی اور فارمیسی تک رائج کیا جائے گا، ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے مریض کے ٹیسٹ، تشخیص اورادویات کا ریکارڈ سنٹرلائزڈ سسٹم پر اپ لوڈ ہو گا۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے سرکاری ہسپتالوں میں مریض کا ڈیٹا میسر ہوگا، ایچ ایم آئی ایس سے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی کارکردگی کی مانیٹرنگ بھی ممکن ہوگی، انفارمیشن سسٹم سے مریض کو بہتر اور تیز ترین علاج کی سہولت میسر ہوگی۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم، ہیلتھ، خزانہ، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، اطلاعات کے سیکرٹریز، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور دیگر حکام اجلاس میں شریک ہوئے، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈنے ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے بارے میں تفصیلی دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبہ بھر کے 15 ہسپتالوں میں ہیلتھ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کردی۔