مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر میں مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی ہے جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور کئی مکانات تباہ ہوگئے ہیں۔
سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) کے مطابق وادی نیلم میں ندی نالے بپھرنے سے 4 مکان تباہ، 5 مکانات جزوی متاثر ہوئے جبکہ 4 مویشی باڑے بھی تباہ ہوگئے۔
میرپور میں ایک مکان، 3 سکول متاثر ہوئے، ضلع باغ میں مجموعی طور پر 18 مکانات اور ایک مسجد کو نقصان پہنچا ہے جبکہ ضلع سدھنوتی میں مزید 2 مکان مکمل تباہ ہوگئے۔
لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 5 اضلاع کی مرکزی و رابطہ سڑکیں بند ہو چکی ہیں، رواں ماہ مجموعی طور پر جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہوگئی جبکہ خواتین سمیت پانچ افراد زخمی بھی ہوئے۔
آزادکشمیر میں رواں ماہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 102 مکانات متاثر ہوئے جن میں 24 مکان مکمل تباہ ہوگئے، 3 دکانیں، 8 مویشی باڑے بھی لینڈ سلائیڈنگ سے تباہ ہوئے ہیں۔