لاہور، اسلام آباد: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا سمیت سندھ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، پنجاب، سندھ، شمال مشرقی / جنوبی بلوچستان، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوئی۔
22 سے 26 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ اور لاہور میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے جبکہ مری، گلیات، کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختو نخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔
اسی طرح ایبٹ آباد، راولپنڈی، اسلام آباد کے مقامی ندی نالوں جبکہ 22 اور 23 جولائی کے دوران ڈیرہ غازی خان اور شمال مشرقی اورجنوبی بلوچستان کے علاقوں بشمول (بارکھان، کوہلو، شیرانی، ہرنائی، بولان، لورالائی، خضدار، لسبیلہ، کیچ، تربت، آواران، پسنی، اورماڑہ اور گردونواح) کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 22 سے 24 جولائی کے دوران موسلادھار بارش کے باعث زیریں سندھ ( تھرپارکر، عمرکوٹ ، میرپور خاص، سانگھڑ، خیرپور، کشمور، گھوٹکی، نوشہرو فیروز، شہید بینظیر آباد، مٹیاری، حیدرآباد، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، کراچی اور حیدرآباد )کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو سکتا ہے۔