سراج الحق کی جنرل ہسپتال آمد، تشدد کا شکار ملازمہ کو انصاف دلانے کیلئے تعاون کی یقین دہانی

Published On 29 July,2023 05:54 pm

لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق تشدد کا شکار گھریلو ملازمہ کی عیادت کرنے جنرل ہسپتال پہنچ گئے، انہوں نے متاثرہ لڑکی کے والدین کو انصاف دلانے کے لیے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ رضوانہ کے ساتھ تشدد پوری قوم کیلئے شرمندگی کا باعث ہے، یہ شرمناک واقعہ ایک جج کے گھر میں ہوا، یہ واقعہ ایسے گھر میں ہوا جس کا سربراہ لوگوں کو قانون کا درس دیتا تھا۔

سراج الحق نے کہا کہ اس جج کا کام لوگوں کو انصاف دلانا تھا، لیکن اس جج کے گھر کا ماحول ہی شرمناک تھا، یہ پہلا واقعہ نہیں، راولپنڈی میں پہلے بھی ایسا ہو چکا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے رضوانہ کے اہل خانہ کو ساتھ دینے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ رضوانہ کو انصاف دلانے کیلئے وہ بھرپور تعاون کریں گے۔