استحکام پاکستان پارٹی کا اجلاس، مزید رہنماؤں کی شمولیت بارے حکمت عملی طے

Published On 03 August,2023 08:10 pm

لاہور: (دنیا نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی قیادت کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، اجلاس میں بھرپور سیاسی سرگرمیوں کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا۔

پارٹی چیئرمین جہانگیر خان ترین کے زیر صدارت اس نشست میں اہم فیصلے کیے گئے، مرکزی قیادت نے آئندہ عام انتخابات کی حکمت عملی پر غور و خوض کیا۔

اجلاس میں اسحاق خاکوانی، عامر کیانی، فردوس عاشق اعوان، عون چوہدری اور نعمان لنگڑیال نے شرکت کی، اجلاس میں پارٹی کے اہم تنظیمی امور پر مشاورت اور رہنماؤں کے مابین ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ ملک کو استحکام دلانا ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے، استحکام پاکستان پارٹی کے اجلاس میں ممکنہ انتخابی صورتحال کے بارے میں اہم نکات پر مشاورت، پارٹی میں زیادہ سے زیادہ رہنماؤں کی شمولیت کے بارے میں حکمت عملی طے کی گئی۔

پارٹی نے پنجاب کے طرح دیگر صوبوں میں بھی اپنی سرگرمیاں تیز کرنے کا فیصلہ کیا، اعلیٰ سطحی پارٹی اجلاس میں مختلف رہنماؤں کو اہم ٹاسک سونپ دیئے گئے۔