دشمن بھی ہماری کارکردگی اور منصوبوں سے انکار نہیں کر سکتے: مریم نواز

Published On 09 August,2023 07:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کی زیر صدارت یوتھ کوارڈینیٹر کا اجلاس ہوا جس میں پنجاب کے صوبائی حلقوں میں یوتھ کوارڈینیٹرز مقرر کرنے کے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے گئے۔

اجلاس کے دوران مریم نواز نے تمام اضلاع کے یوتھ کوارڈینیٹرز کو مسلم لیگ (ن) کو گلی محلے اور گاؤں تک متحرک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میرٹ کی بنیاد پر نوجوان لیڈر شپ کو سامنے لایا جائے گا، اہلیت کا مطلب صرف محنت ہے، اپنی صلاحیتوں کا استعمال کریں اور پوری ذمہ داری سے فرائض سرانجام دیں، پاکستان کی روایتی سیاست بدل رہی ہے اور اب آپ کو بھی سیاست کا انداز بدلنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز سے کینیڈین ہائی کمشنر کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

انہوں نے کہا کہ پارٹی کو گراؤنڈ لیول پر مضبوط کرنے کیلئے دن رات کام کرنا ہوگا، ن لیگ ہی پاکستان کا مستقبل ہے، دشمن بھی مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی اور منصوبوں سے انکار نہیں کر سکتے، انتشار اور فساد کی سیاست کو قوم نے مسترد کر دیا، اس قوم کا مقدر ترقی، خوشحالی اور کامیابی ہے، مسلم لیگ (ن) کے اسوقت بڑے بڑے لیڈر یوتھ اور ایم ایس ایف سے آئے ہیں، اب آنے والا وقت آپ کا ہے۔