لاہور: (دنیا نیوز) سی بی ڈی پنجاب اور لوکل گورنمنٹ کے اشتراک سے جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں لبرٹی مارکیٹ پر پرچم کشائی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں اے سی ماڈل ٹاؤن صاحبزادہ محمد یوسف ، سی بی ڈی پنجاب کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ وسیم صدیق، ڈائریکٹر ٹیکنیکل آصف اقبال اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
لبرٹی مارکیٹ میں لگائے گئے پرچم کی لمبائی 75 فٹ اور چوڑائی 50 فٹ ہے۔
پرچم کشائی کی تقریب میں اے سی ماڈل ٹاؤن صاحبزادہ محمد یوسف نے کہا کہ پرچم کشائی جیسی تقاریب کا مقصد عوام میں جشن آزادی کے حوالے سے جوش اور ولولہ پیدا کرنا ہے، لاہور کے مختلف مقامات پر آتش بازی بھی کی جائے گی۔
ڈائریکٹر مارکیٹنگ سی بی ڈی پنجاب وسیم صدیق کا کہنا ہے کہ وقت کم تھا ورنہ جھنڈے کا سائز مزید بڑا کر سکتے تھے جبکہ ڈائریکٹر ٹیکنیکل آصف اقبال نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر رات کو سی بی ڈی کی جانب سے 15 منٹ تک آتش بازی کی جائے گی۔