انوار الحق کاکڑ بلوچستان عوامی پارٹی کی بنیادی رکنیت سے مستعفی

Published On 14 August,2023 03:24 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نامزد نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے بلوچستان عوامی پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعظم کی حیثیت سے کسی جماعت کا حصہ نہیں رہ سکتا۔

قبل ازیں انوارالحق کاکڑ نے پارٹی رکنیت اور سینیٹ سے مستعفی ہونے کے فیصلے کے حوالے سے دنیا نیوز کو بتایا تھا کہ میں سینیٹ اور بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کی رکنیت سے استعفیٰ دے دوں گا۔

یہ بھی پڑھیں: انوار الحق کاکڑ کا نگران وزیر اعظم بننا بلوچستان کیلئے اعزاز ہے: وزیر اعلیٰ بزنجو

انوار الحق کاکڑ کا مزید کہنا تھا کہ اب چونکہ ان کی ذمہ داری ملک میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد ہے جس کیلئے انہوں نے الیکشن کمیشن سے تعاون کرنا ہے اس لیے سینیٹ سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ انوار الحق کاکڑ ملک کے آٹھویں نگران وزیر اعظم کا حلف آج اٹھائیں گے، حلف برداری کے بعد نگران کابینہ کا فیصلہ کیا جائے گا۔