عام انتخابات 90 دن میں نہیں ہو سکتے: الیکشن کمیشن، نئی حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری

Published On 17 August,2023 06:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نئی حلقہ بندیوں کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام انتخابات 90 روز میں نہیں ہوسکتے۔

چیف الیکشن کمشنر سلطان سکندر راجہ کے زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا، جس میں آئندہ عام انتخابات اور نئی مردم شماری کے بعد کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں انتخابی حلقہ بندیوں کا کام 4 ماہ میں مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس پر کام آج سے ہی شروع ہو جائے گا۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن نے نئی حلقہ بندیاں کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے شیڈول کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق نئی حلقہ بندیوں کیلئے صوبائی حکومتوں اور ادارہ شماریات سے معاونت طلب کر لی جبکہ متعلقہ حکام کو نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں، الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق حلقہ بندیاں 14 دسمبر کو مکمل ہوں گی جبکہ پرانی حلقہ بندیوں کو منجمد کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نگران وفاقی کابینہ نے ایوان صدر میں حلف اٹھا لیا

اعلامیے کے مطابق 21 اگست کو چاروں صوبوں اور اسلام اباد کے لئے کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی، یکم سے 4 ستمبر تک حلقہ بندیوں کمیٹیوں کو ٹریننگ دی جائے گی۔

  کنور دلشاد

 سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنوردلشاد نے "دنیا نیوز" سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حلقہ بندیوں کے بعد 15 جنوری تک الیکشن ہو جائیں گے، الیکشن کمیشن نے تمام شکوک و شہبات ختم کر دیئے ہیں۔

کنور دلشاد نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اچھا روڈ میپ دیا ہے، حلقہ بندیوں کا سارا مرحلہ 15 نومبر تک مکمل ہو جائے گا، چیف جسٹس سے الیکشن کمشنر کی ملاقات کے بعد سارے معاملات طے ہوئے ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی اشاعت 9 اکتوبر کو ہو گی، حلقہ بندیوں کے خلاف اپیلیں 10 اکتوبر سے 8 نومبر تک کی جاسکیں گی، الیکشن کمیشن 10 نومبر سے 9 دسمبر تک شکایات پر سماعت کرے گا۔