رانی پور واقعہ، آصفہ بھٹو زرداری کا ملزم کو سخت سزا دینے کا مطالبہ

Published On 18 August,2023 11:16 pm

کراچی: (دنیا نیوز) رانی پور میں پیر کی حویلی میں 10 سالہ بچی کے ساتھ انسانیت سوز سلوک پر ردعمل دیتے ہوئے آصفہ بھٹو زرداری نے ملزم کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر اپنے پیغام میں آصفہ بھٹو نے رانی پور پیش آنے والے انسانیت سوز واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

انہوں نے کمسن گھریلو ملازمہ فاطمہ پر تشدد کے بعد قتل کے الزام میں گرفتار ملزم اسد شاہ کو وحشی درندہ قرار دیتے ہوئے اسے سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

آصفہ بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں چائلڈ لیبر کے خاتمے اور اس کے خلاف پالیسی مرتب کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

یاد رہے کہ رانی پور میں با اثر پیر کے گھر کام کرنے والی 10 سالہ ملازمہ مبینہ زیادتی اور تشدد سے جاں بحق ہوگئی تھی، بچی کو بغیر پوسٹ مارٹم کے سپردخاک کیا گیا۔

عدالت نے واقعہ میں ملوث مرکزی ملزم اسد شاہ کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا، پولیس کی درخواست پر بچی کی قبر کشائی کی اجازت بھی دے دی گئی۔