ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگر دہشتگردوں کا علاج کرانے کے کیس سے بری

Published On 13 August,2023 04:10 am

کراچی: (دنیا نیوز) حکومت کی جانب سے مقدمہ واپس لینے پر ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگر کو دہشتگردوں کا علاج کروانے اور پناہ دینے کے کیس سے بری کر دیا گیا۔

نارتھ ناظم آباد پولیس نے 2015 میں دہشتگردوں کا علاج کرانے اور انہیں پناہ دینے کے الزام میں ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگر کے خلاف رینجرز کے ڈی ایس آر عنایت اللہ درانی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تھا۔

وسیم اختر، عبدالقادر پٹیل، انیس قائم خانی، رؤف صدیقی اور عثمان معظم بھی ملزموں میں شامل تھے، مقدمے کا ایک ملزم سلیم شہزاد دوران سماعت ہی انتقال کر گیا، ان افراد پر ایم کیو ایم، لیاری گینگ وار اور جہادی تنظیموں کے دہشتگردوں کو سہولت دینے کا الزام تھا۔