9 مئی واقعات پر چیئرمین پی ٹی آئی کو بخشنا نہیں چاہیے: خورشید شاہ

Published On 12 August,2023 11:32 am

سکھر: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ 9 مئی واقعات پر چیئرمین پی ٹی آئی کو بخشنا نہیں چاہیے۔

سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر پی پی رہنما خورشید شاہ نے کہا کہ صادق سنجرانی نگران وزیراعظم بنے تو یہ مستقبل کی سیاست کی علامت ہو گی جبکہ جو نگران وزیراعظم بنے گا اس سے پتا چلے گا الیکشن کب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور راجہ ریاض کوشش کریں معاملہ الیکشن کمیشن میں نہ جائے، آئندہ بھی اتحادی حکومت ہی بنے گی، کسی پر پابندی کے حق میں نہیں۔

سانحہ 9 مئی پر بات کرتے ہوئے سابق وزیر کا کہنا تھا کہ 9 مئی واقعات پر چیئرمین پی ٹی آئی کو بخشنا نہیں چاہیے۔

ریویو ایکٹ فیصلے پر انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ بدنیتی پرمبنی ہے جو قومی اسمبلی ختم ہونے پر دیا گیا، انہیں ابھی بھی شاید پتا نہیں پارلیمنٹ کا ایک حصہ سینٹ موجود ہے۔