لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ایمرجنسی کے اپ گریڈیشن پلان کی منظوری دے دی۔
وزیر اعلٰی محسن نقوی نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا، پرائیویٹ کمروں کو بھی چیک کیا اور مریضوں کی عیادت کی، مریضوں نے آپریشنز میں تاخیر کے حوالے سے شکایات کیں۔
ہسپتال میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ نے بائی پاس آپریشن کا بیک لاک ختم کرنے کیلئے مزید سرجنز کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا اور ہسپتال انتظامیہ کو بائی پاس آپریشن 7 روز اورانجیو گرافی 4 روز کے اندر کرنے کی ہدایت کر دی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ کمروں اور آئی سی یوز کی حالت کو بہتر بنایا جائے، طبیعت بہتر ہونے پر مریضوں کو ایمرجنسی سے فوری طور پر وارڈز میں شفٹ کیا جائے، نئی تعمیرات کی بجائے پرانی عمارت کو بہتر بنانے کیلئے میسر وسائل کو استعمال میں لایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مریضوں کی سہولت کیلئے پنجاب حکومت تمام ممکنہ اقدامات کرے گی۔
محسن نقوی نے پی آئی سی کے آپریشن تھیٹرز کو انفیکشن فری بنانے پر ہسپتال انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔
اس موقع پر صوبائی وزرا عامر میر، ڈاکٹر جاوید اکرم، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین پی آئی سی ڈاکٹر فرقد عالمگیر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔