اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں گرفتار کر لیا گیا، ایف آئی اے نے مقدمہ بھی درج کر لیا۔
وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ سے پولیس کی بھاری نفری نے گرفتار کیا۔
پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی کو گرفتاری کے بعد ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز منتقل کیا جا رہا ہے۔
شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں حراست میں لیا گیا، شاہ محمود قریشی دو بار سائفر تحقیقات میں ایف آئی اے پیش ہوئے، شاہ محمود قریشی سائفر سے متعلق بیان ریکارڈ کرا چکے ہیں۔
مقدمہ درج
شاہ محمود قریشی کیخلاف سائفر تحقیقات میں مقدمہ درج کر لیا گیا، مقدمہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ایف آئی اے میں درج کیا گیا، مقدمہ سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
سائفر کیس کا مقدمہ ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ میں درج کیا گیا، مقدمے میں چیئرمین پی ٹی آئی کا نام بھی شامل ہے۔
مقدمہ کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی نے خفیہ سرکاری دستاویز کی معلومات لیک کیں، اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کیلئے حقائق کو مسخ کیا۔
ایف آئی آر کے مطابق بنی گالہ میں خفیہ میٹنگ کر کے سازش تیا ر کی گئی، سائفر کی کاپی تاحال چیئرمین پی ٹی آئی کے قبضے میں ہے، چیئرمین تحریک انصاف نے وزیراعظم آفس کی سائفر کاپی بھی غائب کی۔
مقدمہ کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین نے سائفر کی کاپی غائب کر کے اپنے اقدام سے بیرونی قوتوں کو فائدہ اور ریاست کو نقصان پہنچایا۔