نارووال: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال کی نارروال میں سینٹ پال کیتھولک چرچ آمد، پاکستان بھر میں بسنے والی کرسچین کمیونٹی سے اظہار یکجہتی کیا۔
احسن اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا جڑانوالہ میں دلخراش واقعہ پر افسوس کرتا ہوں، اسلام امن بھائی چارے کا مذہب ہے، حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے امت کو امن کی تعلیم دی، یہ دلخراش واقعہ کسی سازش کا حصہ ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا چند لوگوں نے مذہبی جذبات بھڑکائے جس کے نتیجے میں یہ دلخراش واقعہ پیش آیا، ہمیں ایسی سازشوں سے باخبر رہنا چاہیے، اب پاکستان کے اندر قانون موجود ہے، وہ قانون مسلمانوں کے عقیدوں کے دفاع کے ساتھ دیگر مذاہب کے عقیدوں کا بھی تحفظ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا اسلام ہمیں امن کے ساتھ رہنے کی تلقین کرتا ہے، ہمارے ملک میں مختلف مذاہب، زبانوں کے لوگ بستے ہیں، کسی کے ساتھ زبان، نسل، مذہب کی بنیاد پر امتیاز یا تعصب نہیں برتا جا سکتا۔
احسن اقبال نے مزید کہا ہمیں ہر پاکستانی کے بنیادی حقوق کی حفاظت کرنی ہے، مسیحی برادری پاکستان بنانے کی تحریک میں اسی طرح شریک تھی جس طرح مسلمانوں نے حصہ لیا، ہمارا فرض ہے سب پاکستانیوں کو اپنے ساتھ گلدستے کے مانند رکھیں۔