الیکشن میں مینڈیٹ ملا تو نواز شریف ہی وزیراعظم ہونگے: شہباز شریف

Published On 18 August,2023 02:12 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن میں مینڈیٹ ملا تو نواز شریف ہی وزیراعظم ہوں گے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ‏‎ 16ماہ دن رات محنت کی کہ عوامی بھلائی کیلئے کچھ کر سکوں، ‏‎فجر کی نماز پڑھ کر فارغ ہوا تو آئی ایم ایف کی ایم ڈی کی کال آگئی، کال تھی کہ پاکستان کے ساتھ معاہدہ بحال ہوگیا، یہ میرے لیے سب سے بڑی خوشی تھی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے دور حکومت میں وزیراعظم ہاؤس کے تمام اخراجات اپنی جیب سے ادا کئے۔

صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ الیکشن ہر صورت اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے اور مینڈیٹ ملا تو نواز شریف ہی وزیر اعظم بنیں گے، نواز شریف میرا لیڈر ہے اور میں اُن کا کارکن ہوں، مجھ پر تو سیاسی مقدمات بنے، سب کچھ برداشت کر لیا، بیٹی اور بھتیجی کو بھی عدالتوں اور جیلوں میں گھسیٹنا ناقابل برداشت تھا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ سیاست میں ضد سے نہیں بلکہ معاملات کو مذاکرات سے حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، ‏‎بطور وزیراعظم سب سے بڑی کامیابی یہ تھی کہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچالیا۔