اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا پیمرا بل کی منظوری سے اظہار رائے کی آزادی کو یقینی بنا دیا۔
مریم اورنگزیب نے میڈیا خاص طور پرمیڈیا ورکرز کو باضابطہ مبارکباد دیتے ہوئے کہا پرویز مشرف کی آمریت سے جنم لینے والے پیمرا کے سیاہ کالے قانون کو پیمرا(ترمیمی) بل 2023 کی صورت دستور پاکستان کی جمہوری و بنیادی انسانی حقوق کی حدود میں لے آئے ہیں۔
پیمرا چیئرمین سے اختیارات کی کونسل آف کمپلینٹس کو منتقلی، پی بی اے اور پی ایف یو جے کے نمائندوں کی کونسل میں شمولیت سمیت ایسے کئی اقدامات اب قانون بن چکے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا مشاورت سے تیار ہونے والا یہ متفقہ قانون میڈیا ورکرز اور میڈیا ہاؤسز کی مشترکہ کامیابی ہے۔
اے پی این ایس، سی پی این ای، پی بی اے، ایمینڈ، پی ایف یو جے، آر آئی یو جے، وزارت اطلاعات اور پیمرا کے افسران سمیت تمام احباب کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے راہنمائی، معاونت اور مدد کی۔
مریم اورنگزیب نے کہا سابق وزیراعظم شہباز شریف، سابق کابینہ اور پارلیمان کے تمام ارکان کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے یہ تاریخ ساز فیصلہ کیا۔