چیئرمین سینیٹ سے ایران کے سفیر کی ملاقات، تجارتی تعاون، دو طرفہ تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال

Published On 22 August,2023 04:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ سے ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پارلیمانی روابط، تجارتی تعاون اور دوطرفہ اقتصادی تعلقات کے استحکام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

صادق سنجرانی نے کہا پاکستان اور ایران خطے کی ترقی اور خوشحالی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے کوشاں ہیں، دونوں ملکوں کی مذہبی، ثقافتی اور سماجی مماثلتیں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے مستحکم بنیادیں فراہم کرتی ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا دونوں ملکوں کے درمیان بین الاقوامی سطح پر تعاون قابل تعریف ہے، پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تاریخی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، صادق سنجرانی نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو سیاسی، سماجی اور اقتصادی سطح پر مزید مستحکم بنانے پر زور دیا۔

صادق سنجرانی نے کہا پاکستان اور ایران نے ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ بین الاقوامی فورمز پر تعاون کیا ہے، چیئرمین سینیٹ نے حال ہی میں ایران کے وزیر خارجہ کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا ذکر کیا اور بتایا ملاقات میں دونوں برادر ملکوں کا آپس میں پارلیمانی روابط مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ نے ایران کی حکومت کا گوادر اور مکران ڈویژن کی بجلی بحال کرنے پر شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا بجلی کی بندش سے علاقے کے عوام کو مشکلات کا سامنا تھا اور بحالی سے عوام کو ریلیف ملا ہے، انہوں نے کہا ایران دوست ملک ہے اور حالیہ دورہ ایران سے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ ملا۔

ڈاکٹر رضا امیری نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کیا اور کہا دونوں ممالک کے درمیا ن دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔