تہران : (ویب ڈیسک ) ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ بیرون ملک جاری کیے گئے اثاثوں کو ملکی پیداوار بڑھانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ ہفتے ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے کے تحت ایران میں قید 5 امریکی شہریوں کو رہا کیا جائے گا جبکہ جنوبی کوریا میں موجود 6 ارب ڈالر کے ایرانی اثاثوں کوغیرمنجمد کر کے قطر کے ایک ایسے اکاؤنٹ میں منتقل کیاجائے گا جس تک ایران رسائی حاصل کر سکتا ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ایرانی فنڈز کو محدود اکاؤنٹ میں رکھا جائے گا اور اسے خوراک یا ادویات کی خریداری جیسے انسانی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے اثاثوں کے حوالےسے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا کہ بیرون ملک جاری کیے گئے اثاثوں کو ملکی پیداوار بڑھانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
ایران نے پہلے قدم کے طور پر حراست میں لیے گئے 4امریکی شہریوں کو تہران کی ایون جیل سے گھر میں نظربند کرنے کی اجازت دے دی ہے جبکہ پانچواں شہری پہلے ہی گھر میں نظربند تھا۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مشن نے کہا ہے کہ معاہدے کے تحت امریکا کچھ ایرانیوں کو امریکی جیلوں سے رہا کرے گا۔