ایران : تجاوزات کیخلاف آپریشن کے دوران عمارت گرنے سے 4 افراد ہلاک، متعدد زخمی

Published On 07 August,2023 07:27 pm

تہران: (ویب ڈیسک) تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران عمارت گرنے سے 2 پولیس اہلکار اور 2 شہری ہلاک جبکہ افراد 11 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے جنوب مغربی علاقے میں پولیس اہلکار غیرقانونی رہائشی عمارتوں کے خلاف آپریشن کے لیے پہنچے، علاقہ مکین بھی بڑی تعداد میں احتجاج کے لیے جمع ہوگئے۔

ایک عمارت کے اضافی حصے کو گرایا جا رہا تھا کہ پوری عمارت زمین بوس ہوگئی، ملبے تلے ایک درجن سے زائد افراد دب گئے۔

ریسکیو ٹیم نے امدادی کاموں کے دوران ملبے سے 4 لاشیں نکالیں جب کہ 11 افراد کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے، ہلاک ہونے والوں میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز کو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ایک غیرقانونی عمارت کو گرانے کے دوران دیگر چار عمارتیں بھی منہدم ہوئیں۔

دوسری جانب ایران کے مقامی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران 46 ہزار سے زائد غیر قانونی عمارتوں کو مسمار کیا گیا ہے، مئی 2022 میں ایران کے جنوب مغربی علاقے میں ہی ایک عمارت گرنے سے 43 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔