جدہ: (دنیا نیوز) تعلقات پر جمی برف پگھلنے لگی، ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے جدہ میں اہم ملاقات کی۔
ایران کے وزیر خارجہ سعودی ولی عہد سے ملاقات کیلئے خصوصی طور پر ریاض سے جدہ پہنچے جہاں شہزادہ محمد بن سلمان نے ان کا خیرمقدم کیا، حسین امیر عبداللہیان کی ایران اور سعودی عرب کے دو طرفہ تعلقات کو معمول پر لانے کے حوالے سے یہ بہت اہم ملاقات ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم رشی سونک کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو دورہ برطانیہ کی دعوت
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی روابط اور دوطرفہ تعاون کے مستقبل کے مواقعوں، علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، ایرانی وزیر خارجہ نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو دورہ ایران کی دعوت بھی دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔
واضح رہے گزشتہ روز ریاض میں سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان کے ساتھ ایک پریس کانفرنس کے دوران امیر عبداللہیان نے ایران اور سعودی عرب کے مشترکہ مفادات کے مطابق مختلف شعبوں میں اپنے تعلقات کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔