انوارالحق کاکڑ اور شہبازشریف کا شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش

Published On 22 August,2023 05:20 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان میں شہید ہونے والے 6 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

نگران وزیراعظم نے پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا، انہوں نے کہا دہشتگردوں سے مقابلہ کرتے جام شہادت نوش کرنے والے 6 جوان ملک و قوم کا فخر ہیں۔

نگران وزیراعظم نے کہا مجھ سمیت پوری قوم اپنے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے، پاک فوج کے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ہمارے ملک سے دہشتگردی کے عفریت کا جلد خاتمہ ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں:جنوبی وزیرستان: دہشتگردوں سے فائرنگ کا تبادلہ، 6 سپاہی شہید، 4 دہشتگرد ہلاک

شہباز شریف نے شہدا کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا قوم اپنے شہدا کو سلام پیش کرتی ہے، شہدا نے مادر وطن کے تحفظ، سلامتی اور دفاع کے لئے جانوں کے قیمتی نذرانے دئیے۔

شہباز شریف نے مزید کہا شہداء کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، دہشت گردی کا خاتمہ پاکستان کی ترقی کی بنیادی ضرورت ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مسلح افواج عظیم قربانیاں دے رہی ہے، قوم اپنی افواج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا دہشت گردی کے خاتمے کے لئے قوم متحد اور افواج پاکستان کے ساتھ ہے، شہباز شریف نے شہدا کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔