جڑانوالہ : (دنیانیوز ) جڑانوالہ واقعے میں ملوث سیکڑوں افراد کیخلاف دہشت گردی دفعات کے تحت مزید 5 مقدمات درج کرلیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق مقدمات میں 750 ملزمان کیخلاف درج کئے گئے ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں ، یہ مقدمات تھانہ صدر جڑانوالہ میں دہشتگردی اور توڑ پھوڑ سمیت سنگین دفعات کے تحت درج کیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق انتشار پھیلانے کیلئے اکسانے والے مرکزی ملزم سمیت 170 سے زائد افراد قانون کی گرفت میں آچکے ہیں جبکہ دیگر کی گرفتاری کیلئے کارروائی جاری ہے ۔
واضح رہے کہ جڑانوالہ واقعے میں ملوث ملزمان کیخلاف درج مجموعی مقدمات کی تعداد 10ہوگئی ہے ۔
قبل ازیں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا تھا کہ جڑانوالہ میں جلاؤ گھیراؤ کےواقعات میں ملوث 170 ملزمان کی فہرست تیار کی ہے جس میں سے 160 گرفتار کرلیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :سانحہ جڑانوالہ میں ملوث 160 ملزمان گرفتار کرلیے : آئی جی پنجاب
واضح رہے کہ جڑانوالہ میں توہینِ مذہب کے مبینہ واقعے کیخلاف احتجاج کرنے والے مشتعل افراد نے کرسچین کالونی اور عیسیٰ نگری میں 4 گرجا گھروں، مسیحی برادری کے درجنوں مکان، گاڑیاں اور مال و اسباب جلا دیے تھے ۔