کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں کنکشن منقطع کرنے کیلئے جانے والے کے الیکٹرک کے عملے پر مبینہ تشدد کا مقدمہ تاجر رہنما اور ساتھیوں کے خلاف نیپئر تھانے میں درج کر لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ کے الیکٹرک کے منیجر طاہر علی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، مقدمے میں ٹمبر مارکیٹ کے صدر شرجیل گوپلانی اور 25 سے 30 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں جان سے مارنے کی دھمکی اور ہنگامہ آرائی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
دوسری جانب تاجر تنظیموں نے شرجیل گوپلانی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جبکہ تاجر رہنما نے نیپئر تھانے میں گرفتاری دینے کا اعلان کیا ہے۔
تاجر تنظیموں نے شرجیل گوپلانی کی گرفتاری پر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان بھی کر دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ٹمبر مارکیٹ کے تاجروں نے کنکشن منقطع کرنے کیلئے آنے والے کے الیکٹرک کے عملے پر تشدد کیا تھا۔
تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بجلی کے اضافی بل کسی صورت ادا نہیں کریں گے۔