اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیسز اور جعل سازی کے مقدمہ سمیت 9 مئی سے متعلقہ مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی نے 9 ضمانتیں خارج کرنے کے فیصلے چیلنج کر دئیے۔
وکیل سلمان صفدر کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں 9 درخواستیں دائر کر دی گئیں، اسٹیٹ اور مدعی مقدمہ کو درخواستوں میں فریق بنایا گیا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کی سیشن کورٹ سے 6، اے ٹی سی سے تین ضمانتیں خارج ہوئیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے عدالت سے 9 مقدمات میں ضمانتیں خارج کرنے کے فیصلے کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے میرٹ کو دیکھے بغیر ہی ضمانتیں عدم پیروی خارج کر دیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لئے ٹرائل کورٹس کے فیصلے کالعدم قرار دئیے جائیں، ٹرائل کورٹس کو دوبارہ کیسز سن کر میرٹ پر فیصلے کرنے کی ہدایت کی جائے، ان 9 مقدمات میں پولیس کو گرفتاری سے روکا جائے۔