لاہور، اسلام آباد: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب میں بارش کا امکان ظاہر کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، بالائی پنجاب میں بارش کی توقع ہے۔
بالائی علاقوں خیبرپختونخوا ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے میں خیبرپختونخوا، پنجاب، اسلام آباد اور کشمیر میں بارش ہوئی اور ملک کے کچھ علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔
سب سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین، نوکنڈی میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
لاہور، مری، گلیات، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، سرگودھا، قصور، شیخوپورہ، حافظ آباد، خوشاب، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب لوڈشیڈنگ کے ستائے کراچی کے باسیوں کے لئے خوشخبری ہے کہ محکمہ موسمیات نے شہر میں بارش کی پیشگوئی کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر قائد میں مطلع ابرآلود رہے گا، چند علاقوں میں بارش اور مختلف علاقوں میں بوندا باندی کے ساتھ حبس رہنے کا امکان ہے۔