لاہور: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان کا سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کا عمل جاری ہے، اس سلسلہ میں ٹی ایل پی اور پاکستان مسلم لیگ ق کے وفود نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے ملاقات کی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق تحریک لبیک نے مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن 90 روز میں انتخابات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنائے۔
اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ ق کے وفد نے نئی حلقہ بندی کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حلقہ بندی نہ کی گئی تو یہ ایک زیادتی ہوگی۔
ای سی پی اعلامیہ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن شیڈول کے مطابق حلقہ بندی کا کام 120 دن میں مکمل کرے گا، حلقہ بندیوں کا کام 14 دسمبر 2023 کو مکمل ہونا ہے، حلقہ بندی کے کام کے دورانیے کو مزید کم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ حلقہ بندیوں کے فوری بعد الیکشن شیڈول کا اعلان کر دیا جائے گا، حلقہ بندیاں اور انتخابات کا انعقاد آئین وقانون کے مطابق شفاف انداز میں مکمل ہوگا۔