پاکستان میں عدلیہ کا کردار انتہائی تشویشناک ہے : حافظ سعد رضوی

Published On 24 May,2023 01:59 am

حیدرآباد : ( دنیا نیوز ) تحریک لبیک پاکستان ( ٹی ایل پی ) کے سربراہ حافظ سعد رضوی نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان میں عدلیہ کا کردار انتہائی تشویشناک ہے ، پاکستان کی معاشی بقاء سود کو ختم کرنے پر ہے نہ کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) کی غلامی پر ہے۔

حیدر آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ ٹی ایل پی کا کہنا تھا کہ جس طرح حیدرآباد کے لوگوں نے اس مارچ کا استقبال کیا ہے اس سے ظاہر ہورہا ہے کہ ملک کے اس نظام کی زنجیر ٹوٹنے جارہی ہے ، جئیے بھٹو کہنے والے بھی یہاں سے گزرے مگر منہ چھپا کر گزرے ہیں۔

سعد رضوی نے کہا کہ پاکستان کی مافیا نے ہمیں کہا کہ آپ کو پر لیٹر پیٹرول پر بچت دیں گے لیکن ہم نے کہا ہمیں کچھ نہیں چاہئے ہم عوام کو ریلیف دیں گے، ہمارا لانگ مارچ منزل کی جانب رواں دواں ہے ، اگر مطالبات پورے نہ ہوئے تو اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کے حالات ظالم سیاست دانوں نے خراب کر دیئے ہیں ، اس ملک کو ٹی ایل پی کی ضرورت ہے ، ٹی ایل پی نے ہمیشہ ناموس رسالت اور ملک کی بقاء کے لئے آواز اٹھائی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی کا واقعہ ملک کے خلاف ایک اندرونی سازش ہے ، اس وقت پاکستان کو اندرونی سازشوں کا سامنا ہے، یہ سازش چاہے عمران خان کی صورت میں ہو یا پی ڈی ایم کی صورت میں ہو، جو لوگ لاڑکانہ کی سڑکوں پر ایک دوسرے کو گھسیٹنے بات کرتے تھے آج وہ ملک کو ساتھ مل کر لوٹ رہے ہیں۔