لاہور/ کراچی/ اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں بڑھتی مہنگائی کے خلاف تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے آج ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔
ہڑتال کے پیش نظر کراچی میں کھارادر، برنس روڈ، اولڈ سٹی ایریا میں کہیں کہیں ہوٹل بند ہیں جب کہ شہر کی غیر یقینی صورتحال پر متعدد سکول بھی آج بند ہیں تاہم سڑکوں پر ٹرانسپورٹ رواں دواں ہے۔
مذہبی جماعت کی جانب سے بلدیہ قائم خانی کالونی سے اورنگی ٹاؤن جانے والی سڑک پر احتجاج کیا جا رہا ہے، احتجاجی مظاہرین نے ٹائر جلا کر اور رکاوٹیں کھڑی کر کے روڈ بند کر دیا ہے۔
دوسری جانب ہڑتال کی کال پر نواب شاہ میں چکرا بازار، مارکیٹ روڈ اور سکرنڈ روڈ پر دکانیں بند ہیں جب کہ قاضی احمد شہر میں بھی دکانیں بند اور ٹریفک معمول سے کم ہے۔
سجاول میں پبلک پارک، مین بس سٹاپ سمیت تجارتی مراکز، ہوٹل اور پٹرول پمپس بند ہیں جب کہ حب میں اوتھل، وندر اور بیلہ میں شٹرڈاؤن ہڑتال ہے، اس موقع پر کاروباری مراکز اور پٹرول پمپس بھی بند ہیں۔
دوسری جانب صوبائی دارالحکومت لاہور میں ٹی ایل پی کی جانب سے مہنگائی کے پیش نظر ہڑتال کی کال پر شہر بھر میں مارکیٹیں جزوی طور پر بند ہیں۔
ذرائع کے مطابق مذہبی جماعت کی ڈنڈا بردار فورس لاہور شہر کی اہم مارکیٹوں میں جا کر زبردستی دکانیں بند کروا رہی ہے، شہر کی غیر یقینی صورتحال پر متعدد سکول بھی آج بند ہیں تاہم سڑکوں پر ٹرانسپورٹ رواں دواں ہے۔
تاجروں کا ہڑتال سے اعلان لاتعلقی
تاجر تنظیموں نے تحریک لبیک پاکستان کی 27 فروری کی ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے مارکیٹیں کھولنے اور کاروبار جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کردیا۔
آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان کے ذمہ داروں نے از خود ہی ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے، تاجر برادری نے آج تک کسی بھی سیاسی جماعت کی کال پر ہڑتال نہیں کی۔
صدر انجمن تاجران کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتیں ہمیشہ مہنگائی مارچ لانگ مارچ اور دھرنوں کا اعلان کرتی ہیں، تحریک لبیک کے ذمہ داران اپنے اعلان پر نظر ثانی کریں۔
ادھر انجمن تاجران خوشاب کے رہنماؤں نے ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا اور شہر میں تمام کاروباری مراکز معمول کے مطابق کھلے ہیں۔
مرکزی انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مرکزی انجمن تاجران کی جانب سے ہڑتال نہیں کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ تحریک لبیک پاکستان ( ٹی ایل پی) نے ملک میں بڑھتی مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف پیر 27 فروری کو ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔