بنوں میں فوجی قافلے پر خود کش حملہ، 9 سپاہی شہید ہو گئے

Published On 31 August,2023 10:50 pm

بنوں: (دنیا نیوز) ضلع بنوں کے علاقہ جانی خیل میں فوجی قافلے پر خود کش حملہ کے نتیجے میں 9 سپاہی شہید، 5 سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے۔

انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق موٹر سائیکل سوار خود کش حملہ آور نے خود کو فوجی قافلے کے ساتھ ٹکرا دیا۔

شہدا میں نائب صوبیدار صنوبر علی بھی شامل ہیں، سکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کا عزم کیا ہوا ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے اس عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

انوار الحق کاکڑ کا اظہار افسوس

نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے جوانوں کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں نگران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمہ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

انوارالحق کاکڑ نے افسوسناک سانحہ کے شہداء اور زخمیوں کے خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر قدم اٹھائیں گے۔

نگران وزیر داخلہ کی مذمت

نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے جانی خیل بنوں میں خود کش دھماکے کی شدید مذمت کی، انہوں نے دھماکے میں پاک فوج کے 9 جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ خود کش دھماکے میں شہید ہونے والے جوانوں کی بلندی درجات کیلئے دعا گو ہیں۔

نگران وزیر داخلہ نے شہدا کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں، بہادر جوان ملک و قوم کی حفاظت کیلئے اپنی جانیں نچھاور کر رہے ہیں، پوری قوم انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے، دہشت گردوں کے بزدلانہ وار ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے، انشااللہ دہشت گردی کو جلد جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بزدلانہ کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہادتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے کاہ کہ دہشت گرد ہمیشہ بزدلانہ وار کرتے ہیں جو انکی شکست کی واضح دلیل ہے، عوام اور افواج ملک دشمن عناصر کیخلاف متحد ہیں، شکست دہشت گردوں کا مقدر ہے، قوم پاک دھرتی پر جان نچھاور کرنے والے عظیم جوانوں کی مقروض ہے۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب

نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے بنوں میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر خودکش حملے کی شدید مذمت کی، وزیر اعلیٰ نے شہید سکیورٹی اہلکاروں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں، ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں، شہداء ہمارا سرمایہ افتخار ہیں، شہداء کی عظیم قربانیوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے، مٹھی بھر دہشت گرد عظیم قوم کے پختہ عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔

نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان کا اظہار مذمت

نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے بنوں میں سکیورٹی فورسز پر بزدلانہ دہشت گرد حملے کی مذمت کی، انہوں نے حملے میں 9 سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ بہادر سکیورٹی اہلکاروں نے وطن عزیز کے تحفظ کی خاطر جانوں کے نذرانے پیش کئے، بزدل دہشت گرد ہماری سکیورٹی فورسز کے عزم و استقلال کو کمزور نہیں کر سکتے۔

نگران وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ فورسز کی قربانیاں قوم کے لئے مشعل راہ ہیں، وزیراعلیٰ نے شہداء کے خاندانوں سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم نے حملے میں سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہارکیا، انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔

وزیر اعلیٰ محمد اعظم نے حملے میں زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ اس طرح کے واقعات سے سکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں ہونگے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔