جماعت اسلامی مذہبی جماعت ہے نہ سیاسی، شر اور فساد کی علامت ہے، وقار مہدی

Published On 04 September,2023 09:02 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے کہا جماعت اسلامی مذہبی جماعت ہے نہ سیاسی، شر اور فساد کی علامت ہے۔

سینیٹر وقار مہدی نے حافظ نعیم الرحمان کے بیان پر ردعمل میں کہا جماعت اسلامی نے جہاد کے نام پر معصوم بچوں کو گمراہ کیا، کرائے کے جہاد میں جماعت اسلامی کے لیڈروں نے امریکہ کے گرین کارڈ حاصل کئے تھے، جماعت اسلامی ہمیشہ آمروں کی پسندیدہ جماعت رہی ہے۔

وقار مہدی نے مزید کہا جماعت اسلامی نےدھاندلی کے ذریعے دوبار آمر ضیاء الحق، ایک دفعہ آمر پرویزمشرف کے دور میں کے ایم سی میں میئر اور ناظم کےعہدے حاصل کئے، جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے آمرضیاء الحق کی حکومت میں وفاقی وزراء کےعہدے بھی لئے، 1977ء کی پی این اے کی نام نہاد تحریک کی آڑ میں جماعت اسلامی نے پرامن سیاسی کارکنوں کا قتل کیا اور ان کے گھروں کو نذرآتش کیا۔

پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقارمہدی نے مزید کہا جماعت اسلامی قیام پاکستان کی مخالف جماعت تھی، 1970ء سے آج تک کراچی کےعوام نے جماعت اسلامی کو ہر انتخابات میں شکست دی ہے۔