جی ڈی اے اور ایم کیو ایم کا پیپلزپارٹی کو ٹف ٹائم دینے کیلئے اتحاد بنانے پر اتفاق

Published On 05 September,2023 05:11 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کو ٹف ٹائم دینے کیلئے جی ڈی اے اور ایم کیو ایم پاکستان نے اتحاد قائم کرنے پر اتفاق کر لیا۔

جی ڈی اے اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، ملاقات میں اتفاق کیا گیا پیپلز پارٹی کے 3 ادوار سندھ کی تباہی کا سبب بنے، آئندہ انتخابات میں مشترکہ لائحہ عمل بنانے کیلئے مزید ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، ملاقات میں پی پی مخالف جماعتوں کو پلیٹ فارم پر جمع کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔

ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے کہا سندھ کے شہری علاقے پیپلزپارٹی کی بیڈ گورننس کے باعث کھنڈرات بنا دیئے گئے ہیں، جی ڈی اے رہنما نے کہا سندھ کے دیہی علاقوں میں تعلیم، صحت اور امن و امان کی صورتحال آج بھی قابل رحم ہے بجلی، گیس اور دیگر عوامی مسائل پر مل کر جدوجہد کی جائے گی۔
 ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کیئر ٹیکر حکومت بننے سے پہلے رابطے بڑھے تھے، ملکر ہم لوگ اپوزیشن لیڈر لیکر آئے، سندھ میں محرومی ہے، 15 سالہ گورننس کو بھگت رہے ہیں، اگرسندھ نہیں چلے گا تو پاکستان نہیں چلے گا، کراچی سے کشمور تک سندھ نہیں چل رہا، دوائیں نہیں مل رہیں۔

مصطفیٰ کمال نے مزید کہا بجلی نہیں، گیس نہیں، لاء اینڈ آرڈر نہیں، آئی ایم ایف کی شرائط کی وجہ سے حکومت چاہتے ہوئے بھی ریلیف نہیں دے پا رہی، انشاء اللہ اگلی حکومت سندھ میں ایم کیو ایم اور جی ڈی اے مل کر بنائے گی، ہم ماضی میں بھی مل کرحکومت بنا چکے ہیں، ہم لوگوں کو ایک نئی امید دے رہے ہیں۔

جی ڈی اے کے رہنما صفدر عباسی نے کہا ایم کیوایم کے ساتھ تعاون کا عمل جاری رہے گا، سندھ میں دھرنوں کو سپورٹ کرتے ہیں، سندھ میں امن و امان کی صورتحال بہت خراب ہے، سندھ میں اغواء کرنے والوں کو ختم ہونا چاہتے ہیں۔