بلاول بھٹو کا شہید شوکت حماد، حسین الہدیٰ کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ

Published On 06 September,2023 09:06 pm

کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے شوکت حماد بلوچ اور حسین الہدیٰ کے قاتلوں کو فوری طور پر کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کر دیا۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری بلدیہ ٹاؤن میں محلہ عابد آباد میں جیالے شوکت حماد بلوچ کی رہائش گاہ گئے، بلدیہ ٹاؤن کی یوسی 31/5 میں پی پی پی کے سینئر نائب صدر شوکت حماد بلوچ کے بہیمانہ قتل پر سوگواران سے اظہار افسوس کیا، شوکت حماد بلوچ کے والد حاجی لعل بخش، بھائیوں برکت علی اور زاہد حسین سے تعزیت کیا۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شوکت حماد بلوچ کے سفاکانہ قتل کی مذمت کی اور ذمہ داران کو کیفرِکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا، چیئرمین پی پی کے ہمراہ قادر مندوخیل، لیاقت آسکانی، علی احمد جان، عبدالکریم آسکانی، عجب خان سواتی، آصف موسی، حنیف سواتی، رحیم سواتی، ہمایوں خان، آصف خان ودیگر کی بھی سوگواران سے تعزیت کیلئے گئے۔


چیئرمین پی پی پی اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ میں محلہ لال شہباز نگر بھی گئے اور شہید حسین الہدیٰ عرف امجد حسین کے بہیمانہ قتل پر سوگواران سے اظہار افسوس کیا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حسین الہدی کے قتل پر ان کے بھائی نجم الہدیٰ سے تعزیت کی، انہوں قاتلوں کو بھی کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔