لاہور: (دنیا نیوز) ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے میٹرو ٹریک جنازگاہ کے قریب میٹرو بس کے حادثے کی ابتدائی تحقیقات مکمل کر لیں، ویڈا کمپنی کی میٹرو بس نمبر 16 کے حادثے کی ذمہ داری ڈرائیور پر ڈال دی گئی۔
ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے ڈرائیور کو حادثے کا ذمہ دار قرار دیا، پی ایم اے نے مجرمانہ غفلت برتنے پر ڈرائیور کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کر لیا، ویڈا کمپنی کے ڈرائیور کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور : میٹرو بس کوجنازگاہ سٹیشن کے قریب حادثہ ، 8خواتین زخمی
بس کے نقصانات کی بھی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی گئی، حادثے کے سبب میٹرو بس کی ونڈ سکرین، سائیڈ شیشہ اور انجن متاثر ہوا، میٹرو بس کا داخلی دروازہ، فرنٹ پلر اور باڈی بھی متاثر ہوئی۔
— Dunya News (@DunyaNews) September 9, 2023
واضح رہے کہ ماضی میں شاہدرہ سے گجومتہ کی جانب جانے والی اسی بس کا نشتر ٹاؤن سٹیشن پر حادثہ ہوا تھا، 16 اپریل کو ویڈا کمپنی کی بس نمبر 16 میٹرو ٹریک پر تیز رفتاری کے سبب سٹیشن سے ملحقہ جنریٹر سے ٹکرا گئی تھی۔
حادثے کے نتیجے میں بس کی ونڈ سکرین کو شدید نقصان پہنچا تھا، میٹرو بس کی باڈی اور بمپر کو بھی حادثے کے نتیجے میں نقصان پہنچا تھا، میٹرو بس ٹکرانے سے سٹیشن کے ملحقہ جنگلے کی باڈی کو بھی نقصان پہنچا۔
ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے 16 اپریل کو ہونے والے میٹرو بس حادثے کی تحقیقات بھی کی تھیں۔