کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ الیکشن کے حوالے سے سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیانات میں کوئی اتنا فرق نہیں ہے۔
اپنے ایک بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آئین میں ہے کہ اگر نشستیں بڑھا رہے ہیں تو حلقہ بندیاں ہوں گی، حلقہ بندیاں کوئی اتنا طویل عمل نہیں جسے آپ نومبر تک لے جانا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:انتخابات 90 روز میں ہونے چاہئیں، یہ آئینی تقاضا ہے: بلاول بھٹو زرداری
انہوں نے کہا کہ شک ہے شاید الیکشن شیڈول دسمبر میں بھی نہ ملے، آپ الیکشن کی تاریخ نہیں دے رہے اور خاموش ہیں تو اس کا کیا مطلب ہے؟
رہنما پیپلز پارٹی کاکہنا تھا کہ پوری پیپلزپارٹی متحد کھڑی ہے، اگلے ہفتے لاہور میں پیپلزپارٹی کی سی ای سی کا اجلاس ہے، اجلاس میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے مشاورت ہوگی اور مستقبل کا لائحہ عمل دیں گے۔