حیدرآباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے کہا پیپلزپارٹی کی حکومت جب بھی برسر اقتدار آئی ہے ہمیشہ عوام کی خدمت کی۔
سابق وزیراعلیٰ سندھ نے حیدر آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا حیدرآباد کو 6 ملین گیلن پانی پرڈے کے حساب سے ملے گا، واٹر پلانٹ کا کام پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت میں ہی ممکن ہوا، اس سکیم سے حسین آباد، لطیف آباد اور قاسم آباد کی عوام کو صاف پانی پہنچے گا، صوبہ دو تین ماہ کے لئے بلدیاتی نمائندوں کے حوالے کیا ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا میں نے ایچ ڈی اے کے فلٹر پلانٹ پر نوکری بھی کی ہے، پی پی جب بھی حکومت میں آتی ہے بغیر تفریق کے سہولیات پہنچاتی ہے، ہم نے تھر میں اچھڑو تھر میں بھی بلاول بھٹو کی ہدایت پر پانی پہنچایا، جعلی طریقے سے قابض لوگوں نے شہر کو کھنڈرات بنا دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کسی سیاستدان کیخلاف کارروائی نہیں کی جا رہی: نگران وزیر داخلہ سندھ
سابق صوبائی وزیر ناصر شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا چیئرمین پی پی کے حکم پر یہ سکیم مکمل ہوئی، مراد علی شاہ اور دیگر نے بہت سی سکیمیں آپ کی ہدایت پر مکمل کیں، بہت سی سکیموں میں وفاق نے ہمیں سپورٹ نہیں کیا، پی ٹی آئی کی حکومت کہتی تھی کہ سندھ ہمارا ہے ہی نہیں، ان کی رکاوٹ کے باوجود ہزاروں سکیمیں مکمل ہوئیں ہزاروں پر کام جاری ہے۔
ناصر شاہ نے مزید کہا پورے پاکستان میں اگر کہیں بہتر کارکردگی رہی تو پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کی رہی، میں پہلی مرتبہ جیالا میئر منتخب ہوا، بہت سارے بلدیاتی نمائندے ایسے جیتے جہاں لوگوں کا قبضہ ہوا کرتا تھا، جیالوں نے نڈر اور بے خوف ہو کر ووٹ دیئے، آج کراچی سے کشمور تک جیالے ہی جیالے ہیں۔
سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا بلاول بھٹو جب وزیر تھے، دن رات محنت کی، ہر خطے میں گئے، چیئرمین پی ٹی آئی کی وجہ سے جو ممالک ناراض تھے آپ کی محنت سے وہ ممالک واپس ہمارے دوست بنے، آپ کا وقت یہاں کم گزرا اس لئے آپ نے فاتحہ خوانی کرنے کا دورہ شروع کیا۔