اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم کی معاون خصوصی اور حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ فالس فلیگ انکاؤنٹر کے نام پر بھارت نے کشمیریوں کا جینا محال کر رکھا ہے۔
مشعال ملک نے کہا کہ آپریشن کی آڑ میں کشمیریوں کے گھروں میں گھسا جا رہا ہے، گزشتہ چار دنوں سے بھارتی فوج نے بارہمولہ کولگام، پلوامہ، راجوری پونچھ سمیت متعدد علاقوں کا محاصرہ کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محاصرہ کے دوران چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا جا رہا ہے، بھارتی فورسز گھروں میں گھس کر اشیاء کی توڑ پھوڑ کر رہی ہیں۔
مشعال ملک کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے ایک کشمیری صحافی کو بھی گرفتار کر لیا ہے، صحافی کو گھسیٹتے ہوئے بھارتی فورسز گھر سے لے گئیں۔