راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے نیب ترامیم کیخلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو ’ٹرپل ایس‘ قرار دے دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے جاتے جاتے ٹرپل ایس (SSS) فیصلہ سنایا ہے، اس شارٹ سویٹ اور سمارٹ فیصلے سے پاکستان کی سیاست میں زلزلہ آگیا ہے جس کے اثرات 30 دسمبر تک اپنا اثر دکھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کل ساری دنیا میں بریکنگ نیوز تھی کہ پاکستان میں 2027 افراد کرپشن کے شکنجے میں دوبارہ آگئے ہیں، 16 ماہ کی پی ڈی ایم کی حکومت نے جو اپنے کیسز ختم کرانے کیلئے شب وروز محنت کی وہ خاک میں مل گئی۔
جناب عمر عطاء بندیال نے جاتے جاتے ٹرپل ایس (SSS )فیصلہ سنایا ہے اس شارٹ سویٹ اور سمارٹ فیصلے سے پاکستان کی سیاست میں زلزلہ آگیا ہے جس کے اثرات 30 دسمبر تک اپنا اثر دیکھائیں گے کل ساری دنیا میں برکینگ نیوز تھی کہ پاکستان میں 2027 افراد کرپشن کے شکنجے میں دوبارہ آگئے ہیں 16 ماہ کی…
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) September 16, 2023
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم حکومت نے عوام کو بھی اندھے کنوئیں میں دھکا دیا اور خود بھی عوام کی بددعاؤں کی زد میں آ گئے جس لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطالبہ کر رہے تھے وہ کیسوں کی بحالی کی صورت میں انہیں مل گیا۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے سارا ریکارڈ اپنی تحویل میں محفوظ کر لیا ہے یہ ریکارڈ نہ اب ضائع کیا جا سکتا ہے نہ اس کو آگ لگ سکتی ہے جس اسمبلی میں ترامیم پاس کی گئیں اُس کے ممبروں کی تعداد بعض اوقات 9 اراکین سے زیاده نہیں تھی، لوٹ مار کرنے والے عوام کے سامنے دوبارہ بے نقاب ہوگئے، سیاست بچا سکے نہ کیسوں سے نکل سکے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ عوام کا نام ہی ریاست ہے یہ ریاست بچانے نہیں عوام کو تباہ و برباد کرنے آئے تھے اور اب پھر غریب عوام پر پٹرول بم گرا دیا گیا ہے، بجلی، پٹرول، چینی اور آٹا غریب کا مسئلہ ہے لندن کے بھگوڑوں کا نہیں۔