عدالت نے شیخ رشید اور ان کے بھتیجے کی گرفتاری پر فریقین سے جواب طلب کر لیا

Published On 19 September,2023 11:42 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ نے سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید اور ان کے بھتیجے کی گرفتاری پر فریقین سے جواب طلب کر لیا۔

شیخ رشید کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ میں جسٹس صداقت علی خان نے کی، درخواستگزار شیخ عامر شفیق کی جانب سے سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔

دوران سماعت وکیل درخواستگزار سردار عبدالرازق نے کہا کہ شیخ رشید کو ان کے بھتیجے اور سٹاف ممبر سمیت راولپنڈی پولیس اور سفید کپڑوں میں ملبوس افراد نے اغوا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 48 گھنٹے گزرنے کے باوجود ان کے بارے میں کچھ نہیں بتایا جا رہا، شیخ رشید کو کسی عدالت میں بھی پیش نہیں کیا گیا ہے۔

عدالت نے شیخ رشید احمد، ان کے بھتیجے شیخ شاکر اور سٹاف ممبر عمران کی بازیابی پر فریقین سے جواب طلب کر لیا، عدالت نے وفاقی حکومت، پنجاب حکومت، آر پی او راولپنڈی، سی پی او اور ایس ایس پی آپریشن سے 3 دن میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔