کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے 4 سالہ بچے کے اغوا اور قتل کے جرم میں سزا کے خلاف ملزمان کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے ماتحت عدالت کی سنائی سزائیں کالعدم قرار دے دیں۔
سندھ ہائی کورٹ میں 4 سالہ بچے کے اغوا اور قتل کے جرم میں سزا کے خلاف ملزمان کی اپیلوں پر سماعت ہوئی۔
پراسیکیویشن نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے مارچ 2012 میں لاڑکانہ کے علاقے ولید محلہ سے 4 سالہ بچے عمار جتوئی کو تاوان کے لیے اغواء کیا تھا، تاوان نہ ملنے پر مغوی بچے کی لاش 15 مارچ 2012 کو برآمد ہوئی تھی۔
عدالت نے ملزمان کو ماتحت عدالت کی سنائی سزائیں کالعدم قرار دے دیں اور حکم دیا کہ ملزمان اگر کسی اور کیس میں مطلوب نہیں تو جیل سے رہا کیا جائے۔
واضح رہے کہ بچے کے اغوا اور قتل کے ملزمان میں عبداللہ مگسی، عبدالغفار بروہی، علی مگسی اور زاہد گبول شامل ہیں، ٹرائل کورٹ نے ملزم عبداللہ مگسی اور عبد الغفار کو سزائے موت سنائی تھی جبکہ ملزم علی مگسی اور زاہد گبول کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔