2017ء کے ذمہ داروں کو احتساب کے کٹہرے میں لانا ہوگا، جاوید لطیف

Published On 20 September,2023 07:51 pm

لندن: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا کہ 2017ء کے ذمہ داروں کو احتساب کے کٹہرے میں لانا ہوگا۔

ن لیگی رہنما میاں جاوید لطیف نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا 21 اکتوبر کو ن لیگی کارکنوں کے ساتھ عام عوام نکل کر اپنے محسن کا استقبال کرے گی، 21 اکتوبر کو مینار پاکستان کے چاروں طرف نوازشریف کے نعروں کی آواز سنائی دے گی، جس طرح ایک ادارے نے اپنے لوگوں کو سزا دی اسی طرح دوسرے ادارے کو بھی ایکشن لینا ہوگا۔

میاں جاوید لطیف نے کہا جس ادارے نے سہولت کاروں کو سزا دی اور نکالا اسی طرح انصاف دینے والے ادارے خود احتسابی کر لیں، خود احتسابی کرنے والے ادارے 2014 سے لے کر 2017 تک خود احتسابی کریں، پاکستان کے اندر ایک تقسیم نظر آرہی ہے، 2017 کے ذمہ داروں کو احتساب کے کٹہرے میں لانا ہوگا۔

رہنما مسلم لیگ ن نے مزید کہا 2017 کے ذمہ داروں کے خلاف کمیشن بنا کر پبلک کیا جائے، پاکستان کو اس بھنور میں ڈالنے والے غیر ملکیوں کے ایجنٹوں کو کٹہرے لانا ہوگا، غیر ملکیوں کے ساتھ منصوبہ سازی پر عمل کرتے ہوئے ریاست پاکستان کو نقصان پہنچایا گیا، مہنگائی کے ذمہ دار بھی وہی لوگ ہیں۔

جاوید لطیف نے کہا مہنگائی کے ذمہ دار ساڑھے تین سال حکومت کرنے والے افراد ہیں، مہنگائی کی ساری ذمہ داری پی ڈی ایم کی جماعتوں پر ڈالنا زیادتی ہے، پی ڈی ایم حکومت نے ملکی مفاد میں مشکل فیصلے کئے۔