ہمارا مقصد ریاستی اداروں کیساتھ جنگ نہیں، ان کو مضبوط کرنا ہے: پرویز خٹک

Published On 21 September,2023 10:16 pm

نوشہرہ: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف پارلیمینٹیرین (پی ٹی آئی پی) کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد ریاستی اداروں کے ساتھ جنگ کرنا نہیں بلکہ ان کو مضبوط کرنا ہے۔

اپنے ایک بیان میں سربراہ پی ٹی آئی پی پرویز خٹک نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا عام انتخابات کیلئے تاریخ کا اعلان خوش آئند ہے، سیاسی بحران سے نکلنے کیلئے غیرجانبدارانہ اور شفاف انتخابات ناگزیر ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے وسائل اور دولت لوٹنے والے کس منہ سے غریب عوام کی بات کرتے ہیں، پاکستان تحریک انصاف پارلیمینٹیرین کا سلوگن امن، ترقی اور خوشحالی ہے، ہمارا مقصد پاکستان اور خصوصا خیبر پختونخوا میں امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کرنا ہے، اس مقصد کیلئے ہم ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

پرویز خٹک کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین نہ کسی کے طفیل سے فیض یاب ہوئی اور نہ کسی کی بیساکھیوں پر چل کر اقتدار میں آئے گی، ہماری جڑیں عوام میں ہیں اور عوام ہم کو اقتدار میں لائیں گے۔