انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کا جمعہ سے تدریسی عمل کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان

Published On 21 September,2023 11:21 pm

کراچی: (دنیا نیوز) انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے جمعہ سے تدریسی عمل کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔

اساتذہ نے وزیراعلیٰ سندھ سے جامعہ کراچی کے انتظامی بحران کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے، انجمن اساتذہ کا کہنا ہے کہ 6 سال سے یونیورسٹی بجٹ کی منظوری نہ ہونے پر کمیشن کے ذریعے تحقیقات کی جائیں۔

انجمن اساتذہ کے مطابق 6 سو روپے فی لیکچر پر جزوقتی اساتذہ کی اپائنٹمنٹ منظور نہیں، ایک سال سے زائد عرصہ تک مشاہروں کی عدم ادائیگی پر انجمن اساتذہ نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جزوقتی اساتذہ کی بھی ایک بڑی تعداد یا تو تدریس کو خیرباد کہہ رہی ہے یا دوسری جامعات کا رُخ کرنے پر مجبور ہے، جامعہ کراچی کے مالی و انتظامی مسائل انتہائی انقلابی اقدامات کے متقاضی ہیں۔

انجمن اساتذہ کا کہنا ہے کہ ایوننگ کے مشاہرے مکمل اور فوری ادا کیے جائیں، سلیکشن بورڈز کا فوری انعقاد کیا جائے، پینل ہسپتال بلاتاخیر بحال کئے جائیں، ایم فل، پی ایچ ڈی فیس استثنیٰ فی الفور بحال کیا جائے۔