پاکستان، سعودیہ کو اپنے حقوق، خود مختاری کے تحفظ کیلئے ملکر کام کرنا چاہئے، چیئرمین سینیٹ

Published On 25 September,2023 10:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کو اپنے حقوق اور خود مختاری کے تحفظ کیلئے ملکر کام کرنا چاہئے۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے اسلام آباد میں سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر پروقار تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، چیئرمین سینیٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، شاہی خاندان اور سعودی قوم کو قومی دن کی مبارک پیش کرتا ہوں۔

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ دونوں ممالک میں ایسا بندھن ہے جو سیاسی اور سفارتی دائرہ کار سے بالاتر ہے، ہماری شراکت داری علاقائی امن اور استحکام کے لئے ہمارے غیر متزلزل عزم پر مبنی ہے، ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرنے پر ہم سعودی عرب کے شکرگزار ہیں، ہمیں اپنے حقوق اور اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لئے مل کر کام کرنا چاہئے، محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب مزید ترقی کررہا ہے اور مستقبل میں مزید ترقی کرے گا۔

سعودی سفیر نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات گزرتے وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوں گے۔