راولپنڈی: (دنیا نیوز) انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے لاہور کا دورہ کیا، اپنے دورہ کے دوران انہوں نے صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی بھی شریک ہوئے، اجلاس کے دوران آرمی چیف کو صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، بشمول بجلی، گیس چوری، ذخیرہ اندوزی اور غیر ملکی کرنسی کی سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے شرکاء کو اقلیتوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات اور کچے کے علاقے میں جاری آپریشنز کی پیش رفت کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا، فورم نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کی وطن واپسی کا بھی جائزہ لیا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اس بات پر زور دیا کہ غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے اور متعلقہ محکمے مل کر پوری قوت کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھیں۔
سپہ سالار کا کہنا تھا کہ غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں کے نتیجے میں پاکستان کو مختلف طریقوں سے ہونے والے معاشی نقصانات سے نجات مل سکے گی۔
فورم کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی ) اور گرین پنجاب کے اقدامات کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا، آرمی چیف نے ان تاریخی اقدامات کے سود مند اثرات کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔
شرکاء نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ریاستی ادارے، سرکاری محکمے اور عوام صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہیں، آرمی چیف کی لاہور آمد پر کورکمانڈر لاہور نے ان کا استقبال کیا۔