آصف زرداری سے ملاقات، اہم سیاسی شخصیات پیپلز پارٹی میں شامل

Published On 28 September,2023 11:49 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد متعدد اہم شخصیات پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئیں۔

ملک بھر سے اہم سیاسی شخصیات کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے، گوجرانوالہ سے پی ٹی آئی کے مستنصر جبار منج اور شیخوپورہ سے چودھری رضوان بھی پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں۔

آصف علی زرداری نے دونوں رہنماؤں کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کیا، ملاقات میں قائم مقام صدر پیپلز پارٹی وسطی پنجاب رانا فاروق سعید، افنان صادق لون، فیصل میر، میاں نعمان یوسف بھی شریک تھے۔

پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری سے بلاول ہاؤس میں ملاقات کے بعد لیہ سے تعلق رکھنے والے سابق رکن قومی اسمبلی اور سابق رکن ڈسٹرکٹ کونسل سردار غلام فرید میرانی، یوسی چیئرمین ہاشم خان اور امیر محمد خان، سابق رکن پنجاب اسمبلی سید فضل شاہ گیلانی کے صاحبزادے سید مہدی حسین گیلانی پی پی پی میں شامل ہوگئے۔

اس موقع پر پی پی پی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود، مخدوم سید مرتضیٰ محمود، عبدالقادر شاہین، پی پی پی لیہ کے ڈسٹرکٹ جنرل سیکرٹری محمد شفیق احمد خان اور این اے 182 سے پی پی پی کے ٹکٹ ہولڈر محمد رمضان جٹ بھلڑ بھی موجود تھے۔